لوٹ مار کرنیوالوں کو سیاستدان نہیں مانتا کرپشن کیخلاف جنگ کرنا ہوگی :خورشید شاہ
سکھر (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کرنے والوں کو سیاستدان نہیں مانتا، تمام سیاستدانوں کو کرپشن کے خلاف مل کر جنگ کرنا ہوگی۔ سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک دنیا میں کوئی اور نہیں، اس ملک کی ترقی جمہوریت میں ہے۔ سیاستدان کا کام روٹھوں کو منانا اور لڑائی کرنے والوں میں صلح کرانا ہے، کرپشن کرنے والے ہم میں سے نہیں، کرپشن کے خلاف ملک کے تمام سیاستدانوں جنگ کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیب کے بارے میں بات کرکے معاملے کو مشکوک کردیا ہے۔ وزیراعظم نے جلد بازی میں ایسی تقریر کردی جس کے بعد لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ چوروں کو بچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہاتھ باندھ کر کہتے ہیں کہ جنرل راحیل شریف ہمارے سپہ سالار ہیں انہیں متنازعہ نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے نیب کو ٹھیک کرنے کا کہا تو ہماری کسی نے نہیں سنی اب نیب نے پنجاب میں کارروائیاں شروع کیں تو کوئی پر کاٹنے اور کوئی دم پر پائوں آنے کی بات کر رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے جلد بازی کے بیان نے گڑ بڑ کر دی اب نیب کو ٹھیک کرنے کا وقت نہیں، لوگ کہیں گے چوروں کو بچانے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔ سکھر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا سیاستدانوں سے کوئی تعلق نہیں جو بھی ملک کے کسی بھی کونے میں کرپٹ ہے اسکے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ کرپٹ عناصر جہاں بھی ہوں ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ پیپلز پارٹی نے نیب کو ٹھیک کرنے کا کہا تو کسی نے نہیں سنی اب نیب والے اپنے گلے پڑے تو ٹھیک کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ نیب کو ٹھیک کرنے کا وقت اب چلا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کوششوں سے ملک کا امن بحال ہوا، جس پر پوری قو م انکی صلاحیتوںکا اعتراف کرتی ہے۔ توسیع لینے یا نہ لینے کو طول دینا مناسب نہیں۔ دہشت گردی کیخلاف پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کو بچانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا، مسلم لیگ (ن) سے چاہے کتنے اختلافات کیوں نہ ہوں جمہوری نظام ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ملکی ترقی کا انحصار جمہوریت پر ہے۔ عوام جمہوریت کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ بھٹو خاندان نے جمہوریت کے لیے قربانی دی ہیں۔ پی پی پی کا بچہ بچہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دیتا رہے گا۔ کالا باغ ڈیم کسی صورت قبول نہیںکریں گے پہلے اٹھارہ ڈیم بنائے جائیں پھر سوچیں گے۔ پی آئی اے کو ختم کر کے نیا ادارہ بنانا کہاںکی منطق ہے۔ پیپلز پارٹی مزدوروں کا استحصال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی۔ ملک میں مردم شماری ضروری ہے اگر نہ ہوئی تو یہ ظلم ہو گا۔ خورشید احمد شاہ نے کہا وزیراعظم نواز شریف نے نیب کے خلاف بیان دینے میں جلد بازی کردی ان کے بیان کے بعد تو اچھے لوگوں کو بھی برا سمجھا جا رہا ہے جب تک فیڈریشن قائم ہے کالا باغ ڈیم نہیں بن سکتا جو لوگ کالا باغ ڈیم بنانے کی باتیں کر رہے ہیں وہ شرارتی لوگ ملک اور وفاق کے دشمن ہیں جو ڈیم بننے ہیں وہ نہیں بنائے جا رہے ہیں کالا باغ ڈیم کی باتیں کر کے صوبوں کو لڑانے کی کو ششیں کی جا رہی ہیں نیب کو کون سے سانپ نے کاٹا تھا کہ وہ پنجاب جائے اب جب پنجاب گیا ہے تو کوئی اس کے پر کاٹنے کی باتیں کر رہا تو کوئی دم پر پاؤں کی، ان کا کہنا تھا مردم شماری ہو نی چاہیئے اگر نہیں ہوئی تو یہ ظلم ہوگا ہم اپنے دور میں سیلابوں اور الیکشن کی وجہ سے مردم شماری نہیں کرا سکے تھے اگر اب ہو جائے تو ملک و قوم کے لیے بہتر ہو گا کالا باغ ڈیم سے پہلے اٹھارہ ڈیم بننے چاہئیں چھک چھک ٹرین یا میٹرو پر اربوں روپے خرچ کرنے سے روشن پاکستان نہیں بن سکتا روشن پاکستان کے لیے پانی کا ہونا ضروری ہے نواز شریف تمام منصوبے ختم کر کے بھاشا ڈیم بنائیں تو لوگ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے راحیل شریف باعزت اور باغیرت سپہ سالار ہیں۔ انہوں نے کہا یہ کیا منطق ہے کہ پی آئی اے کوختم کردو اور اس کی جگہ ائیر ویز بنائی جائے ادارے تباہ ہو رہے ہیں مگر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔