پاکستان امریکہ سٹرٹیجک مذاکرات آج ہونگے دفاع سمیت 6 شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور ہو گا
واشنگٹن+اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+آن لائن+صباح نیوز) پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹرٹیجک مذاکرات کے چھٹے دور کا آغاز آج پیر سے واشنگٹن میں ہو گا جس میں وزیر خارجہ جان کیری امریکی اور سرتاج عزیز پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان آج پیر سے واشنگٹن میں ہونے والے مذاکراتی دور میں انسداد دہشت گردی، سلامتی و استحکام، تجارت سمیت 6 شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مذاکراتی عمل میں دونوں ممالک کے وفود خطے میں سلامتی اور استحکام سے متعلق امور کا جائزہ لیں گے اور خطے کے مسائل اور خطرات پر بھی بحث ہوگی۔ وفد میں شامل وفاقی وزیر احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نئی جہت آئی ہے، امریکہ کو سکیورٹی خدشات سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹریٹجک مذاکرات کا مقصد تعلقات میں وسعت لانا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات صرف سکیورٹی تک محدود تھے۔ مذاکرات میں اب تعلیم سائنس، ٹیکنالوجی اور اقتصادیات جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ خطے میں امن آئے جس کے لئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔