قوم اچھی اُمید رکھے، شوال سے دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے: شہید کیپٹن عمیر
پشاور+اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر + آن لائن) شہید کیپٹن عمیر کا شمالی وزیرستان کی وادی شوال روانگی سے پہلے بہنوئی کی طرف سے ریکارڈ کیا گیا ویڈیو پیغام منظر عام پر آگیا ہے جس میں پاک فوج کے جوان نے کہا کہ قوم اچھی اُمید رکھے، شوال کسی مقصد سے گئے ہیں، دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے۔ عمیر عباسی نے محاذ پر جانے سے پہلے جو گفتگو کی اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کا عزم کیا وہ پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ اس موقع پر کیپٹن عمیر شہید کے والد ریٹائرڈ کرنل خالد نے بتایا کہ مجھے فخر ہے کہ میرا بیٹا قوم کیلئے لڑتے ہوئے شہید ہوا، شہید عمیر عبداللہ عباسی میرا شہزادوں جیسا بیٹا تھا۔ بہادر کمانڈر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر قیادت عمیر کے علاوہ میرا چھوٹا بیٹا بھی پاک فوج کا حصہ ہے میں نے آرمی چیف سے درخواست کی ہے کہ میرے چھوٹے بیٹے کو بھی اگلے محاذ پر لڑنے کیلئے بھیجیں۔ ملک کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بیٹے کی قربانی سے سر فخر سے بلند ہو گیا۔ کیپٹن عمیر کے چچا طاہر عباسی نے کہا ہے کہ عمیر پاک فوج میں تو کیپٹن تھا لیکن جنت میں جنرل بن کر گیا۔ پورے خاندان کو شہید کی قربانی پر فخر ہے، ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے۔