• news

صدارتی امیدواروں کا انتخاب: ہلیری کلنٹن نے جنوبی کیرولینا میں کامیابی حاصل کر لی

نیو یارک (نمائندہ خصوصی) امریکہ میں صدارتی امیداواروں کے انتخابات کے سلسلے میں ڈیمو کریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن نے جنوبی کیرولینا میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔انھوں نے اپنے حریف برنی سینڈرز کے مقابلے میں بڑے پیمانے پر ووٹ حاصل کیے۔یہاں سے پہلے ہی ہیلری کلنٹن کی کامیابی کی توقع کی جا رہی تھی تاہم اس جیت نے ان کی کامیابیوں میں تسلسل پیدا کیا ہے۔ اب انھیں آئندہ ہفتے 11 ریاستوں میں انتخاب لڑنا ہے۔ سینڈرز نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم تو صرف شروعات ہے۔ یہ ہیلری کلنٹن کی چار مقابلوں میں سے تیسری کامیابی ہے۔ وہ نیو ہیمشائر میں سینڈرز سے ہار گئی تھیں۔اس سے پہلے صدارتی امیدواروں کے انتخاب کے تیسرے مرحلے میں جنوبی کیرولینا سے رپبلکن جماعت کے ڈونلڈ ٹرمپ اور نیواڈا سے ڈیموکریٹ پارٹی کی ہیلری کلنٹن نے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کا انتخاب جیتا۔نیواڈا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی ہیلری کلنٹن اور برنی سینڈرز میں سخت مقابلہ ہوا جس میں ہیلری نے 52 فیصد ووٹ لے کر معمولی برتری سے یہ انتخاب جیتا۔ سپر ٹیوز ڈے سے قبل ان دونوں ریاستوں کے نتائج کافی اہمیت کے حامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن