لینڈ رینٹ: پٹرولیم کمپنیوں نے سندھ حکومت کو 3 سال کے دوران 124ارب روپے ادا کر دئیے:وزارت کی پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ
اسلام آباد (آن لائن) وزارت پٹرولیم نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا ہے کہ پٹرولیم کمپنیوں نے سندھ حکومت کو 124 ارب روپے ادا کر دئیے ہیں ۔ یہ رقم صوبائی حکومت کو گزشتہ تین سالوں کے دوران ادا کی گئی ہے صوبہ سندھ میں متعدد پٹرولیم کمپنیاں آئل اینڈ گیس کی تلاش میں مصروف ہیں یہ رقم لینڈ رینٹ کے طور پر ادا کی گئی ہے جس کا ریکارڈ صوبہ سندھ کے ریونیو آفس کے پاس بھی ہے۔پارلیمانی کمیٹی برائے پٹرولیم کی طرف سے یہ تفصیلات وزارت پٹرولیم سے طلب کی گئی ہیں اور یہ سوال سندھ سے منتخب ارکان قومی اسمبلی کی طرف سے مشترکہ طور پر پوچھا گیا تھا۔ دستاویزات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے صوبہ سندھ کی حکومت نے پٹرولیم کمپنیوں سے وصول کی گئی 124 ارب روپے دیہی علاقوں پر خرچ کرنے میں کوتاہی برتی جس کی وجہ سے سندھ کے دیہی علاقوں کی سڑکیں، صحت اور تعلیم کی سہولتیں مقامی آبادی کو میسر نہیں ہیں۔