• news

بلوچستان کے ساحل اور وسائل کا اختیار منتخب نمائندوں کو دیا جائے: اختر مینگل

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات سے کوئی باشعور انسان بے خبر نہیں ہمارے ساتھ 68سال سے برسراقتدار آنے والے تمام حکمرانوں کا رویہ ایک جیسا رہا ہے گوادر کی ترقی کی باتیں ہمارے لئے نہیں حکمرانوں کے اپنے لئے ہے بلوچستان کے ساحل ووسائل کا اختیار بلوچستان کے منتخب عوامی نمائندوں کے حوالے کیا جائے ہم ترقی کے مخالف نہیں لیکن بلوچ قوم کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کوئٹہ پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ 68سال میں وردی، شیروانی، کرتہ پاجامہ اور پگڑی والے تمام حکمرانوں نے ایک جیسا سلوک کیا بلوچستان کو بے گور نعشوں، بم دھماکوں اور گولیوں کی بوچھاڑ ہی ملی۔ معافی مانگنے والوں نے ہمیشہ ظلم کیا۔ 68سال سے ہماری گیس سے ہمیں ہی محروم رکھا جارہا ہے ہماری گیس سے حکمران اور ان کی خواتین برانڈ والے جوتے پہنتی ہیں اور ہماری خواتین ننگے پاؤں پہاڑوں سے لکڑیاں جلانے کیلئے لاتی ہیں ہم کسی سے کچھ نہیں مانگتے ہمیں صرف اپنا حق دیا جائے ہماری سرزمین سے ٹنوں سونا لوٹ کر لے جایا جارہا ہے اور ہمیں اسکی توقع نہیں کہ وہ سونا ہمیں دیا جائے گا مگرکم از کم ہمارے بچوں کو جوتے تو دیئے جائیں۔ سیندک سے آج بھی ہونے والی آمدنی سے حکمران ارب پتی بن گئے اور ہمارے لوگ خشک سالی کا مقابلہ کر رہے ہیں اب یہ سلسلہ مزید نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ گولی سے زیادہ قلم طاقتور ہے ہمارے بچے اور نوجوان قلم اور کتاب سے رشتہ جوڑیں۔

ای پیپر-دی نیشن