• news

اورنج ٹرین کی مخالفت کرنیوالوں کے پاس 2، دو کروڑ کی گاڑیاں ہیں: پرویز رشید

اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سوالات وہ اٹھا رہے ہیں جن کے پاس 2,2 کروڑ کی گاڑیاں ہیں ، اس منصوبے پر کسی کو اعتراض ہے تو وہ کورٹ جا سکتا ہے، میٹرو ٹرین کے لئے پیسے قرضے سے لئے گئے جو آسان شرائط پر ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اورنج لائن دنیا کا مہنگا ترین منصوبہ ہے، اتنے مہنگے پراجیکٹ پر ہمیں کہا جا رہا ہے کہ اعتراض ہے تو کورٹ میں جائو حکومت عدالت کی نہیں مان رہی تو ہماری کیا سنے گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے پاس 2,2 کروڑ کی گاڑیاں ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ جب میٹرو ٹرین مکمل ہو جائے گی تو اس کے ناقدین بھی اس کی تعریفیں کریں گے اور اس پر سفر کرکے فخر محسوس کرینگے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ اورنج لائن دنیا کا مہنگا ترین منصوبہ ہے جو لاہور میں بنایا جا رہا ہے۔ عوام کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں ہے اور حکمران اربوں روپے میٹرو جیسے منصوبوں میں لگا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن