یوٹرن عمران کا وطیرہ ہے‘ نیب کو دائرہ میں کام کرنا چاہیے: ایاز صادق
لاہور(خبر نگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے نیب کا دائرہ کار محدود نہیں کیا جا رہا تاہم نیب کو گرفتاریوں کی بجائے تحقیقات کرنی چاہئیں۔ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کا مشن ہے۔ عمران خان پہلے شہباز شریف کے کاموں پر تنقید کرتے ہیں اور پھر وہی کام وہ خود شروع کر دیتے ہیں۔ پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کام لائق تحسین ہیں۔ عمران خان کو لانگ مارچ کی بجائے لانگ ورتھ ورک پر توجہ دینی چاہئے۔ سمن آباد میں نئے اپ گریڈ سیوریج سسٹم منصوبے کے ا فتتاح کے موقع پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبے پر 74.383 ملین روپے لاگت آئے گی۔ سیورج سسٹم علاقہ میں 6ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ سیوریج سے پونچھ روڈ‘ غزالی روڈ ‘ محمود روڈ‘ رحمت روڈ ‘ شامی روڈ‘ مین سمن آباد سمیت دیگر علاقے مستفید ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی ناکام ہوں گے۔ عمران کو پہلے خیبر پی کے کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے پھر وہ تنقید کریں جبکہ یو ٹرن لینا عمران خان کا وطیرہ ہے۔ ایاز صادق نے کہا ہے عمران خان کے لانگ مارچ کی پہلے بھی ’’ ہوا ‘‘ نکلی تھی اب بھی ایسا ہی ہوگا۔ نیب کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیے ۔ اسے اپنے طریق کار میں واضح تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ یہاں الزامات پر تحقیقات بعد میں ہوتی ہیں اور گرفتاریاں پہلے کر لی جاتی ہیں جس پر بہت سے لوگوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔