• news

حب ڈیم کے پانی پر سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کے درمیان تنازعہ کھڑا ہو گیا

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) حب ڈیم کے پانی پر سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کے درمیان تنازعہ کھڑا ہوگیا حب ڈیم سے پانی کی پمپنگ پر واٹر بورڈ نے اعتراضات کھڑے کردیئے۔ واپڈا نے محکمہ ایریگیشن لسبیلہ اور واٹر بورڈ کے حکام کو (کل) منگل کے روز طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے حب ڈیم میں پانی ڈیڈلیول تک پہنچ گیا ہے جس کے نتیجے میں حب شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا جبکہ پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے صنعتی پہیہ جام ہونے کا خدشہ ہے۔ حب ڈیم میں پانی کی کمی کے باوجود حکومت سندھ پانی کی سپلائی کراچی کو بند کرنے کیلئے تیار نہیں اس سلسلے میں گزشتہ روز محکمہ ایریگیشن حب کے ایکسین عبدالجبار زہری نے میڈیا کے نمائندوں کو دورہ حب ڈیم کے موقع پر بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ حب ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول تک پہنچ چکا ہے اور حب ڈیم سے اس وقت پمپنگ کے بغیر پانی کی سپلائی ممکن نہیں۔ حب ڈیم سے پمپنگ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے پمپنگ کے لئے جنریٹر حب ڈیم کے مقام پر پہنچادیا گیا ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران بھی حب ڈیم سے پانی جاری رکھا جاسکے۔ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے لائے جائیں گے اور ہر صورت میں شہریوں کو پانی کی فراہمی مکمن بنائی جائے گی۔ کنیال سے تمام مائینرز کو بند کردیا گیا ہے تاکہ پمپنگ سے سپلائی کیا جانے والا پانی چوری نہ ہوسکے اور کینال پر سکیورٹی کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس کو درخواست دی گئی ہے اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ حب ڈیم سے پانی کی پمپنگ پر واٹر بورڈ نے اعتراضات اٹھا ئے ہیں اور کراچی کیلئے پمپنگ کی تیاری کی جارہی ہے حب ڈیم سے کراچی اور حب کیلئے ایک ساتھ پمپنگ شروع ہونے کی صورت میں صرف ایک ڈیڑھ ماہ تک ہی پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی اور اگر حب ڈیم سے صرف حب کیلئے لسبیلہ کینال میں پانی کی پمپنگ کی جاتی ہے تو ڈیم میں موجود پانی آٹھ نو ماہ تک فراہم ہوسکے گا۔ علاوہ ازیں ایکسین ایریگشین لسبیلہ عبدالجبار زہری نے انکشاف کیا ہے کہ حب ڈیم میں جیسے جیسے ذخیرہ آب میں کمی واقع ہورہی ہے ویسے ویسے ٹی ڈی ایس میں اضا فہ ہوتا جارہا ہے اس وقت پانی میں منرلز کی مقدار میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اگر بارشیں نہ ہوئیں تو آئندہ آنے والے وقت میں حب ڈیم کا پانی پینے کے قابل نہیں رہے گا۔ علاوہ ازیں حب کی صنعتوں کو پانی کی فراہمی کا معاملہ سنگین ہوگیا ۔لسبیلہ ایڈسٹریز اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے محکمہ ایر یگیشن لسبیلہ کو 31کروڑ روپے کے واجبات ادا نہیں کئے محکمہ ایر یگیشن کے ذرائع کے مطابق لیڈا محکمہ ایریگیشن کا 31کروڑ روپے کا نادہندہ اور پانی کا بھی سب سے زیادہ مطالبہ کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن