شجاع خانزادہ حملہ کیس فوجی عدالت بھجوانے کا فیصلہ، فائل ورک مکمل کرلیا گیا: ذرائع
اسلام آباد (آئی این پی) پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ حملہ کیس فوجی عدالت کو بھجوانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ شجاع خانزادہ کے حجرے پر حملے کا مرکزی ملزم اور سہولت کار قاسم معاویہ گرفتار ہے جبکہ باقی چار ملزمان محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب سے مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔ سابق صوبائی وزیر داخلہ پر حملے کا منصوبہ القاعدہ برصغیر اور لشکر جھنگوی نے مشترکہ طور پر بنایا تھا۔ گزشتہ روز سرکاری ذرائع کے مطابق پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ حملہ کیس فوجی عدالت کو بھجوانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے فائل ورک مکمل کرلیا اور صوبائی حکومت اپیکس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں یہ کیس فوجی عدالت بھجوانے کیلئے منظوری لے گی جس کے بعد شجاع خانزادہ حملہ کیس فوجی عدالت بھجوانے کی سمری وفاقی وزارت داخلہ کوارسال کی جائیگی۔