عوامی تحریک کے وفد کی فاروق ستار‘ جمیل الزمان‘ پرویز مشرف‘ غوث علی شاہ سے ملاقاتیں
لاہور(خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے وفد نے سینئر رہنما ڈاکٹر حسین محی الدین کی قیادت میں نائن زیرو کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ نائن زیرو آمد پر وفد کا مرکزی رہنما فاروق ستار نے استقبال کیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں کو بتایا کہ پنجاب حکومت اور نام نہاد جے آئی ٹی کے بعد اب ٹرائل کے مرحلہ پر بھی انصاف کے ساتھ دہشتگردی ہو رہی ہے اور ہمیں ایک بار انصاف کیلئے سڑکوں پر آنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ عوامی تحریک کے وفد کی طرف سے ایم کیو ایم کے رہنمائوں کو مارچ میں لاہور میں سانحہ ماڈل ٹائون پر بلائی جانیوالی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے بخوشی قبول کر لی۔ فاروق ستار نے ڈاکٹر حسین محی الدین کو یقین دلایا کہ ایم کیو ایم شہدائے ماڈل ٹائون کے ساتھ ہے اور ظالم نظام کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری اور انکے کارکنوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ ظلم اور استحصال کے خلاف ہماری سوچ ایک ہے، بلدیاتی اداروں کو آئین کے مطابق اختیارات نہ ملنے سے سیاسی انتہا پسندی بڑھ رہی ہے۔ بعدازاں وفد نے فنکشنل لیگ کے رہنما جام مدد علی اور سینئر سیاستدان سید غوث علی شاہ سے بھی ملاقاتیں کیں اور سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے انہیں تفصیل سے آگاہ کیا۔ وفد نے مخدوم امین فہیم کے انتقال پر ان کے بھائی مخدوم جمیل الزمان سے تعزیت کی۔ اس کے علاوہ سابق صدر پرویز مشرف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سابق صدر نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا ایک سنگین ترین واقعہ ہے جس سے جمہوری دنیا میں پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچا۔ اب انصاف فراہم نہ کرکے مزید نقصان نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داروں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہئے تاکہ دوبارہ کوئی نہتے پر بندوق نہ اٹھا سکے۔