• news

صدر‘ وزیراعظم‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی شرمین کو مبارکباد‘ سندھ اسمبلی کا خراج تحسین

لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + نمائندہ خصوصی) صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم نوازشریف‘ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے شرمین عبید چنائے کو دوسری مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام میں غیرت کے نام پر قتل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ایسے اقدامات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے دوسری بار آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شرمین عبید چنائے نے غیرت کے نام پر قتل سے متعلق بہترین دستاویزی فلم ’’اے گرل ان دی ریور‘ دی پرائس آف فار گیونس‘‘ بنا کر آسکر ایوارڈ جیتا ہے جو صرف شرمین عبید چنائے کیلئے ہی نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرمین عبید چنائے نے دوسری بار آسکر ایوارڈ جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ ان کا دوسری مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنا ملک کیلئے اعزاز ہے۔ شرمین عبید چنائے کا دوسری بار آسکر ایوارڈ جیتنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں۔ یہ فلم اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل جیسا جرم ہماری ثقافت یا مذہب کا حصہ نہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ شرمین عبید چنائے کی جانب سے دوسری مرتبہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے۔ سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شرمین عبید چنائے کو دوسرا آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہادر‘ باضمیر خاتون ہیں جو پاکستانی معاشرے کے ایسے موضوعات پر کام کر رہی ہیں اور انہیں اجاگر کر رہی ہیں جن کا پاکستان کو سامنا ہے۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ 21 ویں صدی میں بھی ایسے جرائم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تیزاب پھینکنا غیرت کے نام پر قتل اسلامی تعلیمات کیخلاف ہیں اور دنیا کا کوئی بھی معاشرہ ان جرائم کی اجازت نہیں دے سکتا۔ سندھ اسمبلی میں بھی قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والی شرمین عبید چنائے کو آسکر ایوارڈ ملنے پر خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔ خراج تحسین کی قرارداد خواتین ارکان اسمبلی نے پیش کی۔ ارکان اسمبلی نے شرمین عبید کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ شرمین عبید کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شرمین عبید چنائے کی غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے موضوع پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’’اے گرل ان دا ریور‘‘ کو آسکر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنی فلمز کے ذریعے پاکستانی خواتین کا کیس بہادری سے اٹھایا۔ ملک اپنی ذہین اور بہادر بیٹی پر فخر کرتا ہے۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بھی یہی مشن اور خواب تھا کہ پاکستانی خواتین نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کریں اور معاشرے میں مردوں کے شانہ بشانہ چلیں۔شرمین عبید کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کی جانب رواں دواں ہیں۔ نوبل ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسفزئی نے شرمین عبید چنائے کو آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرمین عبید نے مظلوم خواتین کے حقوق کو اجاگر کرکے دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلومین خواتین کے حقوق کی بات کرنے پر شرمین عبید کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ امید ہے کہ پاکستانی حکومت غیرت کے نام پر قتل کیخلاف موثر قانون سازی کرے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شرمین عبید چنائے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آسکر ایوارڈ جیتنے پر شرمین عبید چنائے کو مبارکباد دی ہے، انہوں نے کہا کہ اس فلم میں ایک بہت بہادر لڑکی کی کہانی بتائی گئی ہے اس کے بعد وزیراعظم نواز شریف کا متعلقہ قوانین بدلنے کی بات کرنا بہت اہم ہے، انہوں نے اسے مثبت تبدیلی قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن