ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کنٹرول‘ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جائے: ارکان سینٹ
اسلام آباد (ایجنسیاں) سینٹ کے ارکان نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز خوش آئند ہے‘ ہسپتالوں کی صورتحال کو بہتر بنانے اور ادویات کی مفت فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں‘ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کیا جائے۔ وزیراعظم کے صحت پروگرام اور اس کے اثرات سے متعلق سینیٹر نہال ہاشمی نے اپنی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہا جانا چاہیے۔ سید طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ سحر کامران نے کہا کہ ہسپتالوں کی حالت زار سب کے سامنے ہے۔ اسلام آباد میں پمز ہسپتال کی حالت بہت خراب ہے۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ نے کہا کہ وزیراعظم سنجیدگی سے محسوس کر رہے ہیں کہ عوام کو علاج کی بہترین سہولیات ملنی چاہئیں لیکن ہم دیکھتے ہیں چند کمپنیوں نے ادویات کی قیمتیں خود بڑھا دی ہیں کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں۔ ڈاکٹر غوث نیازی نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس سکیم بہت اچھی سکیم ہے۔ اس پر تنقید کرنے کی بجائے اسکو سراہا جانا چاہیے۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ صحت‘ تعلیم ہماری ترجیحات ہونی چاہئیں۔ سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ نیشنل انشورنس سکیم کاآغاز اگر سندھ یا بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔ سینیٹر محمد علی سیف نے کہا کہ حکومت کو ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور ادویات کی قیمتیں مناسب سطح پر لانے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف کے شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے ہاں نئے ادارے بنانے کا بہت شوق ہے۔ علاوہ ازیں سینیٹ کے رواں سیشن کے لئے پینل آف پریزائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ایوان میں سابق وفاقی وزیر و سابق سینیٹر نثار محمد خان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور تعزیتی قرارداد کی منظوری دیدی۔سینٹ میں دی پیٹنٹس (ترمیمی) بل 2016ء ، پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل بل 2015ء پر قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ‘ ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ، مستقبل کی منڈی بل 2015ئ، سول سرونٹس ترمیمی بل 2015ء ایوان بالا کی کوریج کیلئے پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز میں تاخیر پر قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کردی گئیں۔ ممانعت جسمانی سزا بل 2016ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا جبکہ عوامی نمائندگی (ترمیمی) بل 2016ئ، لاوارث یتیموں (بحالی و فلاح) بلوں 2016ء پر غور موخر کردیا گیا۔ ایوان میں فاٹا میں اقتصادی و تعلیمی ترقی کیلئے خصوصی پیکج کے اعلان کی قرارداد متفقہ طور کرلی گئی۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے معاہدے کے تحت اتصالات کو 347 میں سے 314 جائیدادیں حوالے کی جا چکی ہیں، 33 عمارتیں ایسی ہیں جو ان کے حوالے نہیں کی جا سکتیں جن کی مالیت 87 ملین ڈالر ہے، اتصالات کو 800 ملین کے بقایاجات میں 87 ملیںمہیا کرکے باقی رقم اداکرنے کے لئے بار بار یاد دہانی کرائی جا رہی ہے مگر ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا ، معاہدے کے تحت ادائیگی میں تاخیر پر اتصالات کو جرمانہ کرنے یا منافع وصول کرنے کی کوئی شق نہیں۔