سیاستدانوں سمیت 64 شخصیات کے اثاثوں کی واپسی، ہائیکورٹ میں وکلا کی دلائل کیلئے طلبی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف، شہباز شریف، مشرف، پرویز الٰہی ، چودھری شجاعت، عمران خان، ایاز صادق، اسحاق ڈار، جاوید ہاشمی، فاروق ستار، شیخ رشید، نجم سیٹھی، میاں منشائ، عاصمہ جہانگیر، خواجہ شریف، حمزہ شہباز شریف سمیت 64 سیاست دانوں اور معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے اور ان سے بیان حلفی طلب کرنے کی درخواست پرفریقین کے وکلاء کو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔ جسٹس خالد محمود خان نے سماعت کی۔ مشرف کے وکیل میجر ریٹائرڈ اختر شاہ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کی لکھی ہو ئی انگریزی سمجھ نہیں آ رہی جس کی بناء پر جواب داخل نہیں کرایا۔ مشرف عام پاکستانی ہیں انہوں نے منی لانڈرنگ نہیں کی ان کے خلاف بے بنیاد درخواست دائر کی گئی۔ ان کی طرف سے میں خود جواب داخل کرانا چاہتا ہوں۔ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ مشرف نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو اپنے وکیل کی بجائے اپنی طرف سے بیان حلفی جمع کرائیں۔ عدالت نے مزید کارروائی 8 مارچ تک ملتوی کر دی۔