حج 2016ء کا معاہدہ طے، ایک لاکھ 43ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کرینگے
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت مذہبی امور اور سعودی وزارت حج کے درمیان حج 2016ء کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے، رواں سال بھی ایک لاکھ 43ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی وزارت حج کے ساتھ وزارت مذہبی امور کا حج 2016ء کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سیکرٹری مذہبی امور نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کی ابتدائی تفصیلات کے مطابق رواں سال بھی ایک لاکھ 43 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔اس سال حاجیوں کی تعداد میں حرم شریف کے توسیعی منصوبے کی وجہ سے اضافہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ معاہدے کی مزید تفصیلات سے ذرائع ابلاغ کو وزارت مذہبی امور وطن واپسی پر خود آگاہ کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی حاجیوں کے لئے رہائش عمارات کے حصول کے لئے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سیکرٹری مذہبی امور ذاتی طور پر اس حوالے سے سعودی عرب میں معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔