ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اعلان: فیول ایڈجسٹمنٹ‘ بجلی 4.11 روپے یونٹ سستی
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) حکومت پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پٹرول سے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 11.90 فیصد ڈیزل سے چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 6.16 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خوراک پنجاب کی صدارت میں اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطابق ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اسی تناسب سے کمی کی جائے گی اور باقاعدہ شیڈول کی تیاری کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جس میں دو ارکان محکمہ ٹرانسپورٹ اور دو ارکان ٹرانسپورٹرز حضرات میں سے ہوں گے جو باہمی مشاورت سے کرایوں میں کمی کا شیڈول طے کریں گے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے بھی شہر بھر میں اربن ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی واقع کر دی ہے۔ انٹرا سٹی اربن نان اے سی ڈیزل بسوں، منی بسوں (HOV)کا کم از کم کرایہ 9روپے ہو گا جبکہ چھٹی سٹیج تک کا کرایہ 28روپے ہو گا۔ پٹرول سے چلنے والی اربن ویگن/ منی بسوں میں پہلی سٹیج کا کم از کم کرایہ 11روپے جبکہ چھٹی سٹیج کا کرایہ 26روپے وصول کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں میں 12 فیصد جبکہ ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں پر 6 فیصد تک پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی واقع کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر وین اور بس کے کرایوں میں ایک روپے سے 4 روپے تک کمی ہو گی۔ چار کلو میٹر تک ڈیزل بس کا کرایہ 10کی بجائے 9روپے ہو گا۔ چار سے 8کلو میٹر تک کرایہ 14روپے، 8سے 14 کلو میٹر تک کرایہ 17روپے ہو گا۔ 14 سے 22 کلو میٹر تک کرایہ 21 روپے، 22 سے 30کلو میٹر کا کرایہ 24روپے ہو گا۔ 30کلو میٹر سے زائد اندرون شہر سفر پر کرایہ 28روپے وصول کیا جائے گا، مسافر ویگن اور منی بس کا 4کلو میٹر کا کرایہ 11 روپے ہو گا۔ چار سے 8کلو میٹر تک کرایہ 12روپے، 8سے 14 کلو میٹر کا کرایہ 15روپے ہو گا۔ 14سے 22کلو میٹر کا کرایہ 18روپے، 22 سے 30کلو میٹر کا کرایہ 21 روپے ہو گا۔ 30کلو میٹر سے زائد وین کا کرایہ 26روپے ہو گا۔ ادھر ویراعظم کی ہدایت پر نیپرا نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4روپے 11پیسے کمی کی منظوری دے دی۔ یہ کمی صرف ایک ماہ کیلئے کی گئی۔ نیپرا حکام کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور ماہانہ 300یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی قیمتوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ صارفین سے جنوری میں 9 روپے 86پیسے فی یونٹ وصول کئے گئے ہیں۔پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے فارورڈنگ ایجنسیوں کے کرایوں میں 7 فیصد تک کمی کا اعلان کردیا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نبیل محمود کی قیادت میں وفد نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی اور فیصلے سے آگاہ کیا۔ دوسری طرف مسافروں نے کرایوں میں کمی کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن صرف کاغذوں کی حد تک ہوتے ہیں۔ ادھر خیبر پی کے حکومت نے بھی بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کردی ہے۔ سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرانسپورٹ کرایوں میں 6، رکشہ اور ٹیکسی کے کرایوں میں 10 اور گڈز ٹرانسپورٹ میں 5 فیصد کمی کی گئی ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی ہدایت کردی ہے۔ سمری کی منظوری آج دی جائیگی۔