مہنگائی 4 فیصد بڑھ گئی‘ مردم شماری مرحلہ وار نہیں کرائی جا سکتی: چیئرمین ادارہ شماریات
اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) ادارہ شماریات کے چیئرمین آصف باجوہ نے کہا ہے کہ مردم شماری پر ابھی تک 40سے 50 کروڑ روپے خرچ ہوچکے،مردم شماری مرحلہ وار نہیں کرائی جا سکتی،مردم شماری کیلئے پولیس نہیں فوج درکار ہے، آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے،نئی تاریخ سے متعلق فوج اور صوبوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وہ ماہانہ وار میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ چیف ادارہ شماریات نے کہا کہ مردم شماری میں فوج کی شمولیت سی سی آئی کی بنیادی شرط ہے، مردم شماری کیلئے ایک لاکھ 66ہزار فوجی جوانوں کی ضرورت ہے یہ مرحلہ وار نہیں کرائی جاسکتی، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس کی نگرانی میں مردم شماری ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملہ تاحال مردم شماری کیلئے فیلڈ میں کام کر رہا ہے، مردم شماری کیلئے 40 سے 50 کروڑ روپے خرچ کر چکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے مردم شماری میں تاخیر ہورہی ہے اس کام کیلئے پولیس نہیں فوج درکار ہے اور زیادہ تر پاک فوج کے جوان آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی تاریخ سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔ فوج اور صوبوں سے مشاور ت کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں 1.4فیصد اضافہ ہوا ہے جن ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ہوا وہ لائف سیونگ ڈرگز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی 14فیصد،پیاز 76فیصد، دال ماش 52فیصد مہنگی ہوئی جبکہ ٹماٹر 32فیصد، آلو 25فیصد سستے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 4فیصد اضافہ ہوا ہے، دال چنا50 فیصد اور چائے 30فیصد مہنگی ہوئی ہے۔