حقوق نسواں بل کو غیرشرعی کہنے والے مولانا فضل الرحمن حکومت سے علیحدہ کیوں نہیں ہو جاتے: شاہ محمود قریشی
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اگر حقوق نسواں بل کو غیرشرعی سمجھتے ہیں تو جمعیت علمائے اسلام حکومت سے علیحدگی اختیار کیوں نہیں کرلیتی۔ اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام سکیمیں ناکام ہو چکی ہیں، ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو تاجروں نے مسترد کردیا جس کا اعتراف وزیر خزانہ اسحاق نے نے بھی کیا ہے۔ حکومت نے بلدیاتی انتخابات مجبوراً کرائے اور اب اختیارات نہ ملنے پر کونسلرز سراپا احتجاج ہیں۔ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو جمہوریت کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان این اے 153 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں 13 مارچ کو جلالپور میں جلسے سے خطاب کرینگے۔