• news

آزاد کشمیر: انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کے اندراج کیلئے شیڈول جاری

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمشن آزاد کشمیر نے انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کے اندراج کے لئے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد 5مارچ سے 20 مارچ کے دوران اپنے ووٹ کا اندراج کراسکیں گے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے مقرر کردہ شمار کنندگان اس عرصہ کے دوران گھر گھر جا کر اہل افراد کے ووٹ درج کریں گے۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق 20اپریل 2016ء تک 18 سال کی عمر کے حامل خواتین و حضرات قومی شناختی کارڈ میں اصل فارم (ب) کی بنیاد پر اپنا ووٹ درج کراسکتے ہیں۔ 1989ء کے بعد آنے والے مہاجرین اپنے مہاجر کارڈ دکھا کر ووٹ درج کراسکیں گے۔ الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر انتخابی فہرستیں آرڈیننس کی دفعہ 13 کی ذیلی دفعہ 2کے تحت ایک سے زائد جگہ پر ووٹ کا اندراج جرم ہے جس پر ایک ماہ قید اور 5 ہزار روپے جرمانہ ہو سکتا ہے جبکہ رجسٹریشن آفیسران کو غلط معلومات فراہم کرنا بھی جرم ہے ان جرائم کی سرسری سماعت کے لئے رجسٹریشن آفیسران کو اختیارات بھی دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن