شجر کاری مہم.... صرف مال روڈ پر بینرز تک محدود
مکرمی! پنجاب میں محکمہ جنگلات سال میں دو بار شجر کاری مہم چلاتا ہے( ایک موسم برسات اور دوسری موسم بہار) موسم بہار کی شجر کاری مہم شروع ہو چکی ہے لیکن وہ صرف صوبائی دارالحکومت میں مال روڈ پر بینروں تک ہی محدود ہے دیہات، نہروں، سیم نالوں و دیگر آبی گذر گاہوں اور شاہرات کے کنارے جہاں درخت لگانے کی ضرورت ہے وہاں صرف شجر کاری مہم کی اطلاع اخبارات، ٹی وی اور دیگر ذرائع ابلاغ سے ہی پہنچتی ہے حالانکہ ہونا تو یہ چاہیے کہ دیہات میں جہاں کھیتوں، کھلیانوں میں درخت لگانے کی ضرورت ہے وہاں رعایتی نرخوں پر قلمیں ، پودے اور دیگر اقسام فراہم کی جائیں۔ نہروں، سیم نالوں اور شاہرات کے اطراف میں متعلقہ محکموں سے مل کر سینکڑوں میل پر مشتمل رقبے پر درخت لگائے جائیں۔ زمینداروں کو رعایتی نرخوں پودے اور قلمیں فراہم کی جائیں تاکہ شجرکاری مہم کو عملی طور پر کامیاب بنایا جائے۔ (شاہ نواز تارڑ لاہور)