دیپالپور کی ٹوٹی پھوٹی سڑک فوری مرمت کی جائے
مکرمی! وفاقی و صوبائی حکومت ان دنوں جس جانب سب سے زیادہ توجہ دے رہی ہے وہ عوام کو سفر کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ مگر نہ جانے کب دیپالپور کے عوام کی سنی جائے گی کیوں کہ طویل عرصے سے خرابی کا شکارکچہری روڈ سے متعلق میڈیا کی طرف سے بار بار توجہ دلائے جانے کے باوجود حکومتی مشینری ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ یہ سڑک کچہری چوک سے رضوی چوک تک کا محض دو کلومیٹر کا ٹکڑا ہے جس کی حالت اس قدر خراب اور خستہ ہوچکی ہے کہ صرف پانچ منٹ کا یہ سفر تیس منٹ میں طے ہوتا ہے۔ کئی بار یہاں حادثات ہو چکے ہیں اور قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔ اس سے بھی زیادہ تلخ اور افسوسناک بات یہ ہے کہ تحصیل دیپالپور کا واحد سرکاری ہسپتال بھی اسی شاہراہ پر واقع ہے لہٰذا مریضوں کو ہسپتال بروقت پہنچانا انتہائی ضرور ہوتا ہے مگر سڑک کی خستہ حالی مریض کو بروقت ہسپتال پہنچانے کی بجائے اس کی تکلیف مزید بڑھ جاتی ہے۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے۔ (قاسم علی، دیپالپور)