ایشیا کپ میں شکست پر شہریار کا تبصرہ سے انکار‘ ذمہ دار ٹیم مینجمنٹ ، کھلاڑیوں کو ٹھہرا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی موجودہ کارکردگی کو کسی طور پر تسلی بخش قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کپتان اور ٹیم مینجمنٹ سے پوچھا جائے گا کو ایسی کیا بات ہے کہ قومی ٹیم کی کارکردگی صفر تک پہنچ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ خود ٹیم کی سلیکشن میں کبھی مداخلت نہیں کی لہذا یہ ذمہ داری مینجمنٹ اور کھلاڑیوں اور کپتان پر عائد ہوتی ہے۔ ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم میں اگر تبدیلیاں کرنا پڑیں تو مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان ٹی 20ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ کھلاڑی مستقل غلطیاں کر رہے ہیں جو نقصان دہ ہے۔ ورلڈ ٹی 20 ٹف ٹورنامنٹ ہے، کھلاڑیوں کو فوکس ہونا پڑے گا۔ سری لنکا کیخلاف میچ جیتیں گے تاکہ مورال بلند ہو۔ کپتان بنگلہ دیش ٹیم مشرفی المرتضیٰ نے کہا ہے کہ میچ ہمارے لئے سیمی فائنل کی طرح تھا۔ سومیا سرکار نے عمدہ بیٹنگ کی۔ مڈل آرڈر نے دباؤ کو بہتر انداز میں برداشت کیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے اہم میچ میں امپائرز کی جانبداری پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی کو اس کا جائزہ لیکر امپائرز کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔ لاہور کے مختلف بازاوں میں کرکٹ دیکھنے والے شائقین نے غصے میں اپنے ٹی وی سیٹ ہی توٹ دیئے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کا آپریشن کلین اپ کیا جائے اگر یہ یحالات رہے تو پاکستان ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے سے بھی آگے نہیں جا سکے گی۔ مزنگ کے بازار میں جوس کی دکان پر موجود شائقین کا کہنا تھا کہ ایک میچ کی کارکردگی پر اگر کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا تو نتائج اسی طرح کے ملیں گے۔ افسوس پاکستانی سٹار کھلاڑیوں نے پوری کرکٹ کو بدنام کر کے رکھ دیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی، ٹیم مینجمنٹ اور کپتان شاہد آفریدی عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔ میچ میں شکست پر شائقین کرکٹ نے گو آفریدی گو کے نعرے بازی کرنا شروع کر دی۔