• news

چیلنجز پر قابو پا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا: نوازشریف

اسلام آباد + لاہور (آئی این پی+ آن لائن+ نمائندہ خصوصی+ خصوصی رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے ملک کو بحرانی کیفیت سے نکال کر سماجی اور معاشی ترقی پر گامزن کردیا، ماضی کی نسبت آج کے پاکستان کو مختلف نظرسے دیکھا جا رہا ہے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ میں سب سے بلند سطح پر ہیں، افراط زر میں کمی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بڑے منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم سے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کمشن برائے ایشیا اور پیسیفک کی انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی، معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خاتون کا اقوام متحدہ کے ادارے برائے اقتصادی و سماجی کمشن میں پہنچنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالا، آج کا پاکستان ماضی کی نسبت مختلف نظرسے دیکھا جا رہا ہے۔ ہماری حکومت نے سماجی شعبے میں اصلاحات کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی، صحت اور تعلیم کے شعبے میں اٹھائے گئے حالیہ اقدامات سے عوام کو بھرپور فائدہ ہو گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ شمشاد اختر نے کہا کہ تاپی اور اقتصادی راہداری جیسے منصوبے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جس سے لاکھوں لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ دریں اثناء وزیر اعظم محمد نواز شریف نے نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ پیشرفت نیلم جہلم ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کے بارے میں اجلاس میں منصوبے کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی کو ہدایت کی انہیں منصوبے کی پیشرفت کے بارے میں ہفتے کے بعد رپورٹ دی جائے اور اسے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ منصوبے کے متعلق ساری انتظامیہ تعمیر کے مقام پر فرائض انجام دیں تاکہ تیزی سے کام مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا ہم اپنے دور اقتدار میں نیلم جہلم پراجیکٹ کے ساتھ دوسرے منصوبے مکمل کریں گے تاکہ بجلی کی قلت سے نجات حاصل کی جا سکے۔ وزیر اعظم سے مشتاق منہاس نے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق قومی پالیسی 2016 تشکیل دینے کے لئے کمیٹی قائم کردی جس کا اعلان 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیا جائے گا‘ کمیٹی کے کنوینئر ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر زاہد حامد ہونگے جبکہ کمیٹی کے ارکان میں وزیر مملکت برائے قومی صحت و ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سارہ افضل تارڑ‘ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن خان‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی خواجہ ظہیر احمد، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قانون اشتر اوصاف علی، ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر شیزرہ منصب علی خان کھرل‘ شائستہ پرویز ملک‘ سینیٹر عائشہ رضا فاروق‘ پنجاب میں خواتین کی ترقی کی سیکرٹری ارم بخاری جبکہ وزیراعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز منیر اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن شامل ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن