• news

عدم پھیلائو کیلئے سپر طاقتیں سب سے پہلے اپنے ہتھیار تلف کریں: عبدالقیوم

اسلام آباد (اے پی پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیدوار کے چیئر مین اور دفاعی تجزیہ نگار سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ہتھیاروںکے عدم پھیلائو کے لیے سب سے پہلے سپر طاقتیں اپنے ہتھیارتلف کریں ‘ سائوتھ ایشیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے عالمی برادری بھارت پر دبائو بڑھائے ۔وہ بدھ کو قومی خبر رساںا دارے "اے پی پی " سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے ۔سینیٹر عبدالقیوم نے امریکہ کی جانب سے ایٹمی صلاحیت اور ذخائر کم کرنے کے مطالبے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے بھی ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کے حق میں تھا ‘اسی بنیاد پر پاکستان نے ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے سائوتھ ایشیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے تجویز دی لیکن بھارت اس بات پر نہیں آرہا۔ بھارت کی جانب سے 1971 میں پاکستان توڑنے اور 1974میں ایٹمی پروگرام بنائے جانے پر پاکستا ن نے اپنے دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے ایٹمی پروگرام بنا یاہے کیونکہ کسی بھی ملک کو اپنے دفاع کے لیے نیوکلیئر صلاحیت حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ سپر طاقتیں دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کر نے کے لیے سب سے پہلے اپنے ہتھیار تلف کریں تا کہ باقی قوتیں بھی اس حوالے سے مثبت اقدامات اٹھا سکیں ۔پٹھان کوٹ واقعہ پر بھارتی وزیر دفاع کے نئے لگائے گئے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے پٹھان کوٹ بیس پر حملے میں پاکستانی ریاست کے ملوث ہونے کا الزام لگا کر اقرار کر لیا ہے کہ کسی بھی ملک کے دفاعی اداروں پر حملے میں ریاست شامل ہوتی ہے ‘اس طرح پاکستان میں کامرہ بیس ‘مہران بیس ‘جی ایچ کیو حملوں میں بھارت کی ریاست اور" را " ملوث ہے ۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے بھارتی وزیر دفاع کے مضحکہ خیز بیان کی شدید مذمت کی۔

ای پیپر-دی نیشن