ادارے کے اندر احتساب کی بہت اہمیت ہے، 22 ملازمین کو بڑی سزائیں دیں: چیئرمین نیب
اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب میں ادارہ جاتی احتساب کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران انضباطی کارروائی کرتے ہوئے اپنے 22 ملازمین کو بڑی سزائیں دیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز منیجمنٹ کی جانب سے انضباطی مقدمات سے متعلق بریفنگ کے دوران چیئرمین نیب نے نیب میں ادارہ جاتی احتساب کے طریقہ کار کے مطابق احتساب کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ قمر زمان چودھری نے کہا کہ نیب سرکاری حکام کی بدعنوانی کے خلاف نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی کرتا ہے تاہم اسی طرح نیب کے اندر بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی سے نیب کی ساکھ میں اضافہ ہوگا۔ نیب افسروں کی شخصیت پاک صاف ہو اور اسے نظم و ضبط کا پابند ہونا چاہئے تاکہ وہ دوسروں کا احتساب کر سکے جہاں نیب میں اچھی کارکردگی قابل تعریف ہے تاہم نیب افسروں کے خلاف شکایات پر سخت کارروائی بھی کی گئی ہے۔ چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ نیب کے افسروں کے خلاف 60 کیسز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 22 کیسز میں بڑی سزائیں دی گئی ہیں جبکہ 34 کیسز میں معمولی سزا دی گئی اور 4 کیسز میں معافی دی گئی۔