• news

پاکستان کے حوالے سے پالیسی نہیں بدلی کانگرس امن سے کام کرنے دے: مودی

نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی وزیراعظم نریند مودی نے اپوزیشن جماعت (کانگریس) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان کے حوالے سے کوئی یو ٹرن نہیں لیا، پاکستان کے بارے میں ہماری پالیسی پہلے والی ہی ہے، ایگزیکٹیو کو جوابدہ بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی میں مسلسل خلل ڈالنے پر کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ایوان بحث کی جگہ ہے لیکن بات بحث کی حد میں رکھی جائے تبھی کوئی نتیجہ نکلتا ہے۔ مودی نے اپنی تقریر میں راجیو، اندرا گاندھی اور جواہر لعل نہرو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارلیمانی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے دونوں ایوانوں کو ذمہ داری اور پرامن طریقے سے کام کرنے دے۔ انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ اہم بلوں کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظوری میں تعاون سے کام لیا جائے۔ حزب اختلاف ایک طرح سے احساس کمتری سے دوچار ہے۔ نریندر مودی نے لوک سبھا سے خطاب میں بغاوت کے الزام میں دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلباء کی گرفتاری ،حیدرآباد میں دلت سکالر روہیتھی امیولا کی خودکشی اور ہریانہ میں جاٹ برادری کے احتجاج کے معاملے پر کوئی بھی بات نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن