نثار کا شہریار کو فون‘ سکیورٹی ملنے تک کرکٹ ٹیم بھارت نہ بھجوانے پر اتفاق
اسلام آباد + لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس+ نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو ٹیلی فون کیا جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کے متوقع دورہ بھارت پر مشاورت کی گئی۔ دونوں میں اتفاق ہوا کہ مکمل اور اطمینان بخش سکیورٹی ملنے تک ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی ضمانت کے بغیر دورے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ چودھری نثار ٹیم کی سکیورٹی صورتحال پر آج وزیراعظم کو رپورٹ پیش کریں گے۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں قومی ٹیم کی عبرتناک شکست پر پوری قوم کی طرح میں بھی سخت مایوس ہوا ہوں، فوری طور پر کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، بھارت کی طرف سے جب تک سکیورٹی کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا جاتا پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نہیں جائے گی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے چند تبدیلیاں ضرور ہونگی جن کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔ لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت کرکٹ کمیٹی سب کا احتساب ہوگا۔ کپتان شاہد آفریدی کی پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خدمات ہیں جن کو مد نظر رکھ کر انہیں کیریئر کے آخری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔ ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے جس ٹیم کی منظوری حاصل کی اس پر مجھے بھی تحفظات تھے۔ موجودہ ٹیم کے انتخاب میں میرا اور نجم سیٹھی کا کوئی تعلق نہیں۔ بطور چیئرمین ٹیم کا کپتان بنانا میرے اختیار میں ہے اور پاکستان کی تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کے کپتان میرے ہی بنائے ہوئے ہیں۔ مصباح الحق اور یونس خان کے ساتھ مشاورت کرونگا کہ اب کیا ہونا چاہیے۔ ہیڈ کوچ وقار یونس کا کنٹریکٹ تین چار ماہ کا رہ گیا ہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک انہیں تبدیل نہیں کیا جائے گا اگر ان کو تبدیل کرنا پڑا تو اکیلے وہ تبدیل نہیں ہونگے ان کے ساتھ دیگر کوچز کو بھی جانا ہوگا۔ اظہر محمود کے تجربہ کی بنا پر ان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ بی بی سی کے مطابق انہوں نے کہا کہ تبدیلیاں ہونگی مگر کپتان نہیں بدلے گا۔