قانون سازی کے ذریعے معذور افراد کو تحفظ دیا جا سکتا ہے: ایاز صادق
لاہور(خصوصی رپورٹر)سپیکر قومی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نئی قانون سازی کے ذریعے معذور افراد تحفظ دیا جاسکتا ہے، یہ لوگ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور اْن کی بحالی کے لیے کردار ادا کرنا معاشرے کے ہر رْکن کا فرض ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار غلام جیلانی پارک (ریس کورس) میں لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) کے معذور افراد کے لیے بارہویں سالانہ میلے سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں پانچ ہزار سے زائد خصوصی بچوں نے شرکت کی۔ لبارڈ کے صدر ایم این اے پرویز ملک، پارلیمانی سیکرٹری صحت عمران نذیر، ناصر سعید، جنرل یو بورن، زیکری ہرکنڈر ، آصف سعید منیس، میاں نصرت الدین، سعید خان، احمر ملک ، عبداللہ سنبل، کیپٹن عثمان، کرنل مبشر جاوید، راشد محمود ،گلوکارابرارالحق، اعلیٰ حکومتی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد اور سینئر نائب صدر الماس حیدر نے ایک خصوصی پیغام کے ذریعے معذور بچوں کے لیے میلے کے انعقاد پر لبارڈ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کے لیے نئی قانون سازی پرغور اور انہیں سہولیات دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل مختص کرے گی۔