• news

40 ارب کے نئے ٹیکس لگا کر بھی حکومت وصولیوں کا ہدف پورا نہ کر سکی

لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ صباح نیوز) پٹرول پر اضافی ٹیکس کی وصولی اور 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگا کر بھی حکومت کا ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا نہیں ہو سکارواں ما لی سال کے پہلے 7 ماہ کی وصولیاں ہدف سے بارہ فیصد کم رہیں۔ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران مجموعی طور پر 15 کھرب 93 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ اس عرصے کا ٹیکس وصولیوں کا ہدف 18 کھرب 10 ارب روپے سے زائد بنتا ہے۔ ٹیکس وصولیوں میں سب سے زیادہ 20 فیصد کمی براہ راست ٹیکسوں کی وصولی میں رہی 674 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 541 ارب روپے وصول کئے جاسکے۔ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 40 ارب روپے کی کمی پر آئی ایم ایف کے تحفظات کے بعد،، حکومت نے عوام پر 40 ارب روپے کے نئے ٹیکسوں کا بوجھ بھی ڈالا لیکن ایف بی آر ہدف پورا کرنے میں پھر بھی ناکام ہی رہا۔ دوسری سہ ماہی میں 784 ارب روپے اور جنوری میں 208 ارب 7 کروڑ روپے کا ٹیکس ریونیو اکٹھا ہوسکا۔ اس دوران حکومت کی نان ٹیکس آمدنی بھی ہدف سے 24 فیصد کم رہی۔ نان ٹیکس آمدنی کا ہدف 447 ارب 26 کروڑ روپے تھا۔ 340 ارب 62 کروڑ 60 لاکھ روپے آمدنی ہوئی۔ صباح نیوز کے مطابق وفاق نے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کی بھرمار سے 571 ارب روپے کما لئے۔ وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر حاصل ٹیکس آمدن صوبوں کو بھی ملی لیکن وفاق نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی سے 131 ارب روپے خود بٹور لئے۔

ای پیپر-دی نیشن