• news

وحدت کالونی: شادی میں مہمان آیا بچہ اغوا کے بعد قتل‘ نعش واشنگ مشین میں چھپا دی

لاہور(سٹاف رپورٹر)تھانہ وحدت کالونی کے علاقہ میں2سالہ بچے کو قتل کر کے نعش واشنگ مشین میں چھپا دی گئی۔ پولیس نے گھر کے3افراد کو حراست میں لے لیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے معلوم ہو اہے کہ راولپنڈی کا ریاست فیملی کے ہمراہ وحدت کالونی میں شادی میں شرکت کیلئے آیا تھا۔ منگل کے روز ریاست کا3سالہ بیٹا قاسم اچانک غائب ہو گیا، تلاش کرنے پر کچھ معلوم نہیں ہو سکا ۔ پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا تاہم گذشتہ روز قاسم کی نعش گھر میں موجود واشنگ مشین سے ملی۔پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی۔ ننھے بچے کے قتل پر پورے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے مقتول کے والد ریاست کی درخواست پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا جبکہ گھر کے 3افراد کو حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وحدت کالونی میں اڑھائی سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور ملزموں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن