• news

ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی وزیراعظم پر وزیراعظم کا نوٹس‘ 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) وزیراعظم نوازشریف نے وزارت داخلہ کو ایڈوانس سکیورٹی ٹیم بھارت بھیجنے کی ہدایت کی ہے جو ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے بارے میں رپورٹ تیار کرے گی۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کے بارے میں فیصلہ اس رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔ بیان کے مطابق نواز شریف نے وزیر داخلہ چودھری نثار سے ملاقات کے دوران انہیں کہا کہ دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن سے رابطہ کر کے ٹیم کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ ملاقات میں ملک بھر میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، کراچی آپریشن اور مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں سکیورٹی سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو بھارت میں درپیش خدشات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ فول پروف سکیورٹی کے بغیر ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھارت نہیں بھیجا جائے گا۔ وزیراعظم نے ایشیا کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لے لیا اور پی سی بی سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شکیل شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی میں چیف آپریٹنگ افسر سبحان احمد، اقبال قاسم، مصباح الحق، یونس خان اور شکیل شیخ شامل ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ کمیٹی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور ٹیم کی سلیکشن پر غور کرے گی تحقیقاتی کمیٹی فوری طور پر رپورٹ دے۔ چیئرمین نے کہا کہ کمیٹی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ دریں اثناء پاکستان نے آئی سی سی کو خط لکھا ہے جس میں آئی سی سی سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارت میں سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے ٹیم بھیجے۔ ادھر بھارت نے پاکستان کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچز میں پیرا ملٹری فورسز کی سکیورٹی دینے کی حامی بھر لی ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 19مارچ کو دھرم شالا میں ہونے والے میچ کیلئے پیرا ملٹری فورسزا کی سکیورٹی دینے کو تیار ہیں۔ اگر وزیراعلیٰ ہماچل پردیش سکیورٹی سے متعلق کہیں گے تو ہم انہیں پیرا ملٹری فورسز ینگے۔ چیئرمین پی سی بی نے بھارتی حکومت کی طرف سکیورٹی کیلئے تحریری یقین دہانی کیلئے کہا تھا۔ دوسری جانب آئی پی ایل کے کمشنر راجیو شکلا نے پی سی بی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ دھرم شالا میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، ایونٹ کی میزبانی وفاقی حکومت کا معاملہ ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی ہماچل پردیش ویر بہادر سنگھ بھی پاکستانی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ ہماچل پردیش نے مرکزی حکومت کے نام خط میں سکیورٹی خدشات کے باعث میچ دھرم شالا سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے نام خط میں لکھا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے بھارت میں کھیلنے کے حوالے سے ضمانت دی جائے۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے سکیورٹی کی یقین دہانی نہ کرانے پر پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کوڈھاکہ سے کلکتہ سفر کرنے سے منع کرتے ہوئے آج وطن واپس بلا لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے قومی ٹیم کو سکیورٹی دینے کی یقین دہانی نہیں کرائی تھی۔ قومی ٹیم کی ڈھاکہ سے براستہ دبئی لاہور کی سیٹیں کنفرم کرا لی گئی ہیں۔ پی سی بی کے مطابق سکیورٹی کی یقین دہانی ملنے کے بعد قومی ٹیم 9 مارچ کو لاہور سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 270 کے ذریعے دہلی جائیگی۔ پی سی بی نے لاہور سے دہلی کے ٹکٹ کنفرم کرا لئے گئے ہیں۔ آئی سی سی شیڈول کے مطابق دس مارچ کو شاہد آفریدی کی کلکتہ کے تاج بینگل ہوٹل میں دوپہر اڑھائی بجے پریس کانفرنس طے ہے۔ این این آئی کے مطابق بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی ٹیم کے ویزے پی سی بی کو موصول ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ کھلاڑیوں کے ویزے ملنا ابھی باقی ہیں جو ٹیم میں تبدیلیوں کے بعد جاری کیے جائیں گے۔ پی سی بی نے احمد شہزاد سے پاسپورٹ مانگا تھا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم میں ایک دو تبدیلیاں مزید ہو سکتی ہیں جس کے بعد ان کھلاڑیوں کے ویزوں کے لیے درخواست دی جائے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے ابھی تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارت نے پاکستان بھارت ٹی 20میچ کے سکیورٹی جائزے کیلئے آنے والی پاکستانی ٹیم کی مخالفت کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریگا۔

ای پیپر-دی نیشن