نیشنل بنک کرپشن سکینڈل: قائمہ کمیٹی خزانہ کا نیب سے تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے خزانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نیشنل بنک آف پاکستان کے بنگلہ دیش میں 19 ارب روپے کے سیکنڈل کی تحقیقات کی پیشرفت کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کیلئے آئندہ اجلاس میں نیب کو طلب کیا جائیگا۔ نیشنل بینک کے سیکنڈل میں سابق صدور کے خلاف انکوائری کے بارے میں معلومات کی جائیں گی۔ کمیٹی کا اجلاس قیصر احمد شیخ کی صدارت میں سٹیٹ بنک آف پاکستان کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فارن ایکس ریگولیشن ترمیم بل 2014ءپر غور کیا گیا۔ چیئرمین نے تجویز کیا کہ فارن ایکسچینج کمپنیز کی طرف سے شق کی خلاف ورزی پر جرمانہ 10 لاکھ روپے سے کم کرکے 5 لاکھ روپے کردیا جائے۔ اس معاملہ میں تفصیلی بحث کے بعد ارکان نے چیئرمین کی تجویز سے اتفاق کیا اور فارن ایکسچینج ریگولیشن ترمیم بل کی منظوری دیدی۔ کارپوریٹ ری سٹکچرنگ کمپنیز بل 2015ء اور ڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن بل 2015ءکو بھی منظورکر لیا۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بنک نے صوبہ وار اور علاقہ وار قرضوں کے اجراءکے بارے میں بریفنگ دی۔ ارکان نے کے پی کے اور بلوچستان میں قرضوں کے اجراءکی کم تعداد پر تشویش ظاہرکی۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا تھا کہ چھوٹے صوبوں کو قرضوں کے اجراءمیں ترجیح دی جائے۔ گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ آئندہ ہفتہ بنکوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ کمپنی نے ہدایت کی کراچی میں ان لینڈ ریونیو کے تمام آسامیاں پر کی جائیں۔
قائمہ کمیٹی خزانہ