تحفظ خواتین بل سے خاندانی اور معاشرتی نظام تباہ ہو گا: سراج الحق
ملتان (وقائع نگار خصوصی + آئی این پی) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی سے خواتین کے حقوق کے حوالے سے پاس کیا گیا بل ملک کے آئینی، عائلی، خاندانی اور معاشرتی نظام کے خلاف ہے، قانون سے خاندانی اور معاشرتی نظام تباہ ہوگا اور خواتین کو نقصان ہو گا۔ مصطفی کمال کی جانب سے الزامات لگانا ایک کھیل ہے، اس سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا، سینکڑوں لوگوں اور وکلاءکو زندہ جلایا گیا آج تک ان کو انصاف نہیں ملا، جب تک بھارت مسئلہ کشمیر حل نہیں کرتا کوئی ڈپلومیسی کامیاب نہیں ہو گا، بھارت کی سوچ انتہاءپسندانہ ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ خواتین کے حقوق کےلئے جتنے بھی قوانین بنائے جائیں ضروری ہیں لیکن پنجاب اسمبلی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے جو قانون پاس کیا ہے یہ ہمارے خاندانی نظام اور کلچر کے خلاف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک کھیل ہے، اس کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔