قائمہ کمیٹی نے آئی ٹی کیلئے 5 ارب 15کروڑ سے زائد بجٹ کی منظوری دیدی
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزارت آئی ٹی کے مالی سال 2016-17 کے پی ایس ڈی پی بجٹ کی مد میں 5 ارب 15کروڑ 5لاکھ روپے کی منظوری دی۔ وزارت کے 9نئے اور 11جاری منصوبوں کیلئے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ سیکرٹری آئی ٹی عظمت رانجھا نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزارت گزشتہ سال کے پی ایس ڈی پی سے چار منصوبے موجودہ مالی سال میں مکمل ہونگے ۔ کمیٹی رکن طلال چودھری نے وزارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 16 منصوبوں کے لئے بجٹ منظور کیا گیا تھا پیسے لئے جارہے ہیں مگر کام نہیں ہورہا‘ 2007 میں آئی ٹی کے ذریعے رابطوں کے منصوبے شروع کئے گئے مگر کارکردگی کچھ نہیں ہے کئی ڈویژن ایسے ہیں جہاں آئی ٹی کی تار نظر آئے گی مگر کمپیوٹر نہیں ہونگے جس پر کمیٹی نے وزارت آئی ٹی میں موجود رابطہ سسٹم اور ڈویژن کے رابطہ سسٹم کے معائنہ کیلئے اداروں میں جانے کا فیصلہ کیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس کمیٹی چیئرمین کیپٹن (ر) محمد صفدر کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی رکن خسرو بختیار نے کہا کہ اس شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ مستقبل میں ہم نے زیادہ ادائیگیاں ڈالر سے کرنی ہیں۔ سیکرٹری کمیٹی عظمت رانجھا نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ہم نے بغیر کسی پیسے کے پی ٹی سی ایل سے ڈیٹاسنٹر حاصل کیا ہے اور وفاقی حکومت کے 25 ڈویژن میں آئی ٹی سے رابطے پر کام ہورہا ہے۔ رکن کمیٹی داور خان کنڈی نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے میں آئی ٹی پارکس بنائے جائیں۔ چیئرمین کمیٹی کیپٹن (ر) صفدر نے داور کنڈی کو یقین دلایا کہ اس حوالے سے کام ہوگا۔