نوازشریف کی اہل خانہ کیساتھ کسی پروٹوکول کے بغیر مال روڈ مری پر چہل قدمی، ہلکی بارش سے بھی لطف اندوز ہوئے
مری (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف ہفتے کے روز اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری پہنچے۔ وہ اسلام آباد ایکسپریس وے سے مری پہنچے اور خصوصی طور پر اپنی فیملی کے ہمراہ تمام تر حفاظتی انتظامات اور پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر مال روڈ پر چنار چوک تک آئے۔ اس دوران انکی اہلیہ اور خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز، صاحبزادے حسن نواز اور ڈاکٹر آصف کرمانی بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وہاں موجود محدود تعداد میں مقامی لوگوں اور سیاحوں نے تالیاں بجا کر انکا استقبال کیا جبکہ انہوں نے ہاتھ ہلا کر انکو جواب دیا۔ وزیراعظم نوازشریف انتہائی ہشاش بشاش نظر آرہے تھے جبکہ وہ اور انکے اہل خانہ مری میں ہلکی بارش سے لطف اندوز ہو تے رہے۔ اس دوران انہوں نے مال روڈ سمیت مختلف علاقوں میں مری کی تزین و آرائش کا بھی جائزہ لیا۔ وہ کشمیر پوائنٹ پر اپنی نجی رہائشگاہ میں قیام کے بعد اتوار کو کسی بھی وقت اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔ معلوم ہوا ہے انکا یہ دورہ ایک طویل عرصہ کے بعد نجی نوعیت کا ہے جس میں وہ کسی بھی اجلاس میں شرکت یا شخصیت سے ملاقات نہیں کریں گے۔