• news

جہلم: گورنمنٹ گرلز سکول میں ڈینگی سپرے سے 50 طالبات بیہوش

جہلم+ اٹک (نامہ نگار+ آن لائن) گورنمنٹ گرلز سکول میں ڈینگی سپرے سے 50 طالبات بیہوش ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ایک سول لائن جہلم میں لڑکیاں سالانہ پیپر دے رہے تھی کہ اچانک سکول کے کمروں میں بو آئی جس سے بچیوں کی حالت خراب ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے لڑکیاں بیہوش ہونا شروع ہوگئیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 و دیگر ٹیمیں امداد کیلئے موقع پر پہنچی لیکن سکول انتظامیہ نے انہیں اندر داخل نہیں ہونے دیا جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں بند دروازے سے سکول کے اندر داخل ہوئے اور بچیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم پہنچانا شروع کیا۔ سکول انتظامیہ نے صرف بیہوش ہونیوالی 50 سے زائد بچیوں کو ہسپتال لیکر جانے کی اجازت دی جبکہ کم حالت خراب ہونے والی بچیوں کو ہسپتال کی بجائے گھروں میں بھیج دیا گیا تھا۔ ایم ایس ڈی ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم نے کہا کہ ہسپتال میں 47 طالبات لائی گئی ہیں جن میں سے زیادہ تر کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ سکول انتظامیہ کے مطابق سکول میں ڈینگی سپرے نہیں کرایا بلکہ باہر سے کوئی گیس بو آئی جس سے بچیاں بیہوش ہوئیں۔ واقعہ کی انکوائری کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اٹک کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جنڈ میں ٹی ایم اے کی جانب سے ڈینگی سپرے کیا گیا جس کے نتیجے میں 400 سے زائد طالبات متاثر جبکہ 30 کے قریب بیہوش ہوگئیں۔

ای پیپر-دی نیشن