• news

پٹھانکوٹ واقعہ: تعاون ضروری ہے ، معاملہ کی تہہ تک جانا چاہتے ہیں: پاکستانی ہائی کمشنر

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان باہمی احترام کے ساتھ بھارت سے تعلقات معمول پر لانا چاہتا ہے۔ پٹھانکوٹ تحقیقات میں تعاون برقرار رکھنا ضروری ہے، ہم پٹھانکوٹ واقعہ کی تہہ تک جانا چاہتے ہیں، جلد بازی میں کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔ پاکستان بھارت تعلقات تعطل کا شکار نہیں ہیں، خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔ جے پور میں فیسٹیول سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امن صرف بلا تعطل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ امن کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ نوازشریف باہمی تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔ خطے میں امن استحکام دونوں ممالک کی ترقی کا ضامن ہے۔جموں وکشمیر تمام دوطرفہ مسائل کی جڑ ہے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ملکرکام کرنا چاہئے، جنگ آپشن ہے اور نہ ہی قطع تعلق، دہشت گردی سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر تعاون کرنا چاہئے، مذاکرات کسی ایک ملک کی جانب سے دوسرے ملک کی مدد نہیں ہے بلکہ دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے ایک ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بند گلی میں نہیں ہیں، تعاون کا جذبہ برقرار رکھا جانا ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن