راولپنڈی:پولیس کی پتنگ بازوں کیخلاف کارروائی کے دوران لڑکے کی ہلاکت احتجاج اور جلائوگھیرائو کرنیوالے 76 افراد پر دہشت گردی کا مقدمہ
راولپنڈی (آن لائن)تھانہ ریس کورس پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کے دوران چھت سے گر جاں بحق ہونے والے لڑکے کے حق میں احتجاج کرنے والے 16نامزد اور 60نامعلوم افراد کیخلاف جلائو گھیرائو، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ اے ایس آئی اذان سمیع اللہ نے بتایا کہ اطلاع ملی کے محلہ حاجیاں کے علاقے میں اسامہ نامی نوجوان چھت سے گر کر جاںبحق ہوگیا، اسی دوران عمران شاہ، دلاور خان، تنویرشاہ، رجب شاہ، بھولاشاہ، تجمل شاہ، حسنین رضا، نجی شاہ، انتخاب شاہ ، علوی شاہ، منتظر شاہ، ضمیر شاہ، مزمل شاہ، ماسٹرظہر، زاہد اور رضا شاہ نے 60 کے قریب نامعلوم افراد کے ہمراہ متوفی اسامہ کی نعش کو ریسکیو عملہ سے چھین لیا، عملے کی وردیاں پھاڑ دیں اور نعش اٹھا کر ڈھوک سیداں چوک لے گئے اور احتجاج شروع کردیا اورتھانہ ریس کورس کا گھیرائو کرکے پتھرائو شروع کردیا جس کی زد میں آکر سب انسپکٹر افضل، کانسٹیبل تنویر زخمی ہوگئے اور اپلائیڈ فار موٹرسائیکلوں کو آگ لگا دی۔