عالمی ادارے گیوی نے پاکستان میں بچوں مائوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے امداد بڑھا کر ایک ارب ڈالر کرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد (آن لائن) مختلف بیماریوں کے ٹیکوں کے ذریعہ بچائو اور تحفظ فراہم کرنے کے حوالے بین الاقوامی اداروں کے اتحاد گیوی کے وفد نے پاکستان میں کو بچوں اور مائوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کیلئے 2020ء تک مالی مدد بڑھا کر ایک ارب ڈالر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ گیوی سپورٹ پروگرام کے تحت پاکستان اس وقت مختلف 12 پروگراموں کے ذریعے 2001ء سے لیکر 2017ء تک 83 کروڑ اسی لاکھ کے قریب رقوم حاصل کر رہا ہے جبکہ اس پروگرام کے تحت 2018ء سے لیکر 2020ء تک مزید ساڑھے 16 کروڑ کی رقوم پاکستان کو فراہم کی جائیگی۔ گیوی کی جانب سے اس وقت ہر سال مفت میں 60 لاکھ پولیو کی حفاظت کے ٹیکے فراہم کرتا ہے۔ گیوی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر انورادھا گپتا نے وزارت صحت حکام سے ملاقاتوں میں یقین دہانی کرائی کہ پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان میں بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی مد میں مدد فراہم کی جائیگی۔