عراقی حکومت ہر جگہ داعش کا تعاقب کریگی: وزیراعظم حیدر العبادی
بغداد (اے پی پی) عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اپنے ملک سے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کو مکمل طور پر نکال باہر کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔ العراقیہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حیدر العبادی نے ایک بیان میں کہا عراقی حکومت تکفیری صیہونی گروہ داعش کو اپنے ملک کے تمام علاقوں سے نکال باہر کرنے کی پابند ہے۔ حیدر العبادی نے کہا کہ عراقی حکومت تمام شہروں اور دیہاتوں سے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہے اور وہ ہر جگہ داعش کا تعاقب کرے گی۔ عراق کے مختلف جنگی علاقوں میں دہشت گرد گروہ داعش کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حیدر العبادی نے دہشت گردوں کے مقابلے کے لئے عراق کی مسلح افواج کی آمادگی پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کی مسلح افواج بھرپور عزم و ارادے کے ساتھ شہریوں کا تحفظ کریں گی۔