• news

بھارت بنگلہ دیش کو ہرا کر ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) بھارت نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر میزبان بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث 15 اوورز تک محدود فائنل میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 27 رنز بنائے۔ سومیا سرکار 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 3 رنز کا اضافہ کرکے تمیم اقبال بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 13 رنز بنائے تھے۔ صابر رحمن اور شکیب الحسن نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 34 رنز کا اضافہ کیا تاہم شکیب الحسن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مشفق الرحیم 4 رنز کا اضافہ کرکے رن آؤٹ ہوگئے۔ مشرفی مرتضیٰ کوئی رن بنائے بغیر پویلین سدھار گئے جس کے بعد محمود اللہ اور صابر رحمٰن نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ 15 اوورز میں بنگلہ دیش کا مجموعہ 120 رنز تک پہنچایا۔ صابر 32 اور محمود اللہ 33 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی طرف سے ایشون، اشیش نہرا، بھمرا اور جدیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 121 رنز کے تعاقب میں بھارت کو پہلا نقصان 5 رنز پر روہت شرما کی صورت میں اٹھانا پڑا تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں ویرات کوہلی اور شیکھر دھون نے 94 رنز کی شراکت قائم کرکے بھارت کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا۔ شیکھر دھون 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سومیا سرکار نے تسکین احمد کی گیند پر انکا کیچ لیا۔ اس موقع پر کپتان مہندرا سنگھ دھونی ٹیم کو جیت دلانے کیلئے بیٹنگ نمبر کو تبدیل کرکے پہلے آگئے اور جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے الامین حسین کو چھکا رسید کرکے 7 گیند قبل ہی ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ویرات کوہلی 41 اور دھونی 6 گیندوں پر 20 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ بھارت کی ایشیا کپ کے فائنل میں یہ چھٹی فتح ہے۔بھارت کے شیکھر دھون کو مین آف دی میچ اور بنگلہ دیش کے صابر رحمان کو مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن