• news
  • image

امریکہ کی سابق خاتون اول نینسی ریگن 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

کیلیفورنیا (بی بی سی) امریکہ کی سابق خاتون اوّل اور صدر رونالڈ ریگن کی اہلیہ نیسنی ریگن 94 برس کی عمر میں ریاست کیلیفورنیا میں انتقال کر گئی ہیں۔ ریگن لائبریری نامی تنظیم کے مطابق لاس اینجلس میں مقیم نیسنی ریگن کی موت حرکت قلب بند ہو جانے سے ہوئی۔ نیسنی ریگن اور رونالڈ ریگن 52 سال تک رشتہ ازدواج میں رہے اور ایک وقت تھا کہ اس جوڑے کو امریکی صدور کی سب سے بڑی محبت کی داستان سے تعبیر کیا جاتا تھا۔ 1981ء تا 1989ء کے درمیانی برسوں میں وائٹ ہاؤس میں قیام پذیر رہنے والی نیسنی ریگن کو امریکی تاریخ کی سب سے زیادہ پْر اثر خاتون اوّل سمجھا جاتا تھا۔ نیسنی ریگن کو سِمی ویلی میں واقع رونالڈ ریگن پریزیڈینشل لائبریری میں ان کے شوہر کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ اپنے شوہر کی طرح نیسنی ریگن بھی امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ تک پہنچنے سے قبل ہالی وڈ کی فلمی دنیا سے منسلک رہ چکی تھیں۔ 1940ء اور 1950ء کے درمیانی برسوں میں نیسنی ریگن بطورہ اداکارہ ہالی وڈ میں کام کر رہی تھیں اور پھر انہوں نے 1952ء میں اپنے وقت کے معروف اداکار رونلڈ ریگن سے شادی کر لی تھی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن