مہمند ایجنسی :فورسز کی چوکی پردہشت گردوں کا حملہ جوابی کاروائی
راولپنڈی+ وزیرستان (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) مہمند ایجنسی کے علاقہ شمشائی میں واقع سکیورٹی فورسز کی چوکی زیارت پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زیارت چوکی پر شام کے وقت چاروں اطراف سے دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ اس دوران دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے بھرپور جواب پر فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔ دریں اثناء جنوبی وزیرستان کے علاقے کونڈ سرائی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق زخمی اہلکار کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔