• news

’’امریکہ کا پہلا پاکستانی مسلمان صدر بننا چاہتا ہوں: طالبعلم ثاقب جاوید

لاہور (آر عمائمہ احمد/ نیشن رپورٹ) ریپبلکن امریکی صدارتی امیدوار ٹرمپ کی ریلی کے دوران آزادی اظہار رائے کا برملا اظہار کرتے ہوئے ’’تمام مسلمان دہشت گرد نہیں‘‘ کا نعرہ لگانے والے پاکستانی نژاد نوجوان طالبعلم ثاقب حسین جاوید نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کا پہلا پاکستانی مسلمان صدر بننا چاہتے ہیں۔ مشی گن میں ٹرمپ کے خطاب کے دوران جرأت کا اظہار کرنے والے سید ثاقب جاوید رداوی کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔ وہ وینے سٹیٹ یونیورسٹی میں پری لاء کے طالبعلم ہیں اور کریمنل جسٹس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ امریکی صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم شروع ہونے کے بعد ٹرمپ کئی بار مسلمانوں کیخلاف نفرت آمیز اور انتہاپسندانہ بیانات دے چکے ہیں۔ کئی امریکی افراد نے ان کے بیانات کی حمایت کی اور بڑے طبقے نے ان کے اشتعال پھیلانے والی تقریروں کو مسترد کر دیا ہے۔ ثاقب جاوید نے ’’دی نیشن‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا لوگ سمجھ رہے تھے کہ میں ٹرمپ کا حامی ہوں، جب میں نے نعرے لگانا شروع کئے ’’تمام مسلمان دہشت گرد نہیں اور تمام میکسیکو کے تمام لوگ ریپ کرنیوالے نہیں‘‘ تو ہجوم مشتعل ہو گیا۔ میں ٹرمپ سے 5 فٹ کے فاصلے پر کھڑا تھا۔ ٹرمپ نے پولیس کو کہا اسے باہر نکال دو، پولیس نے مجھے کہا اگر باہر نہ گئے تو تمہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ ثاقب نے بتایا آزادی اظہار کے میرے آئینی حق کی خلاف ورزی کی گئی ہے، یہ ناانصافی ہے۔ امریکہ میں اب آزادی باقی نہیں رہی، ٹرمپ کسی کے خلاف بھی متعصبانہ تبصرے کر سکتا ہے اور جب کوئی اس کے خلاف بولے تو اسے دھمکایا جاتا ہے کہ اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔ میں نے اس موقع پر روایتی لباس پہن رکھاتھا جس کا مقصد یہ اور کرانا تھا کہ امریکہ میں مختلف مذاہب، نسلوں قوموں کے افراد رہتے ہیں۔ ثاقب جاوید نے کہا میں نے سینکڑوں امریکی مسلمانوں کی آواز اٹھائی ہے کہ ہم خوفزدہ نہیں۔ یہ آزاد اور بہادر لوگوں کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مسلمان ٹرمپ کے صدر بننے پر امریکہ چھوڑنے کا سوچ رہے ہیں۔ میرے خیال میں یہ بھی درست نہیں ہم امریکی ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہمیں کہیں بھی جانے کا حق ہے لیکن جب دوسرے لوگ اپنے ہاں مشکل میں ہوں اور امریکہ میں آنا چاہتے ہیں تو یہ ایک حساس مسئلہ بن جاتا ہے۔ دوسرے لوگ ہمیں پناہ کیوں دینگے جب ہم انہیں اپنے ہاں ایسے مواقع فراہم نہیں کرتے۔ اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثاقب جاوید نے کہا میں امریکہ کا صدر بننا چاہتا ہوں۔ پہلا پاکستانی مسلمان صدر، میں اپنے بہتر روئیے سے لوگوں کا دل جیتوں گا اور ٹرمپ کے جھوٹ کولوگوں کے سامنے بے نقاب کرونگا۔

ای پیپر-دی نیشن