متحدہ کی قیادت کیخلاف الزامات تحقیقاتی کمیٹی سرفراز مرچنٹ کو آج خط لکھے گی
اسلام آباد (آئی این پی) وزارت داخلہ کی تحقیقاتی کمیٹی ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف بیانات پر تاجر سرفراز مرچنٹ کو طلب کرنے کیلئے آج انہیںخط لکھے گی تاکہ متحدہ کی قیادت کے خلاف الزامات سے متعلق سرفراز مرچنٹ کا تفصیلی انٹرویو کیا جا سکے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق سرفراز مرچنٹ کے منی لانڈرنگ کے حوالے سے الطاف حسین بارے بیانات کی روشنی میں ان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرفراز مرچنٹ سے کہا جائیگا کہ وہ ایم کیو ایم کی قیادت پر عائد الزامات پر مبنی بیانات کے حوالے سے ثبوت پیش کریں تاکہ حکومت پاکستان ان شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کر سکے۔ ذرائع کے مطابق اگر سرفراز مرچنٹ نے پاکستان آ کر بیان ریکارڈ کرانے پر آمادگی ظاہر نہ کی تو پھر وزارت داخلہ کی تحقیقاتی کمیٹی برطانیہ جا کر ان کا بیان ریکارڈ کرے گی۔