• news

ٹی 20 ورلڈ کپ :پاکستانی سکیورٹی ٹیم کو ویزے جاری آج بھارت روانہ ہو گی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت سے قبل سکیورٹی کی خصوصی ٹیم انتظامات کا جائزہ لینے آج بھارت جائیگی۔ ٹیم تین ممبران پر مشتمل ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا پاکستانی سکیورٹی ٹیم کے دو ممبران کو بھارتی ویزا جاری کردیا گیا ہے جبکہ ایک ممبر کے پاس پہلے سے بھارتی ویزا موجود تھا۔ سکیورٹی ٹیم دھرم شالا میں پولیس چیف اور وزیراعلیٰ ہماچل پردیش سے بھی ملاقات کریگی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد فوراً رپورٹ وزیر داخلہ چودھری نثار کو پیش کریگی جس کے بعد پاکستانی ٹیم بھارت جانے کے بارے میں فیصلہ کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے ڈائریکٹر عثمان انور کی سربراہی میں 3 رکنی ٹیم آج بھارت جائیگی۔ سکیورٹی ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات میں کیا گیا تھا۔ ادھر بھارتی ہائی کمشن نے کہا ہے کہ جہاں جہاں میچ ہوں گے پاکستانی سکیورٹی ٹیم کو وہاں سہولت فراہم کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن