نئے ٹیلنٹ کی راہ میں رکاوٹیں دور کرائیں آفریدی کی وزیراعظم سے اپیل‘ کرکٹ بورڈ کا نوٹس
کراچی + لاہور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے ٹیلنٹ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرائیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ٹیم کی پرفارمنس بڑھانے کے لئے کمیٹی بنانے کا اقدام قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم نئے ٹیلنٹ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرائیں، یہ رکاوٹیں ٹیلنٹ کو گراس روٹ لیول سے اوپر آنے سے روک رہی ہیں۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی ایشیا کپ میں ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں لیکن وہ میڈیا سے بات کرنے سے کترا رہے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کے بیان کا نوٹس لے لیا ہے اور کرکٹ بورڈ شاہد آفریدی سے بازپرس کرے گا۔ کرکٹ بورڈ میں شاہد آفریدی کے بیان پر تشویش پائی جاتی ہے۔ چیئرمین پی سی بی فیصلہ کریں گے کہ شاہدآفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے یا صرف تنبیہہ کی جائے۔