بنگلہ دیش میں اسلام کی بطور سرکاری مذہب حیثیت ختم کرنے کیلئے رٹ دائر، سماعت 27 مارچ سے ہو گی
ڈھاکہ (این این آئی) بنگلہ دیش میں بڑھتے ہوئے شدت پسندی کے رحجان کے بعد اب ایک مرتبہ پھر سے اسلام کی بطور سرکاری مذہب حیثیت ختم کرنے کی بحث چھڑ گئی ہے۔ بنگلہ دیش کی ہائی کورٹ نے 28 برس قبل اسلام کو ملک کا سرکاری مذہب قرار دئیے جانے کے خلاف درخواست کی سماعت کے لئے خصوصی بینچ تشکیل دیا ۔بنگلہ دیش کے اخبار دی ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق بنچ 27 مارچ سے سماعت کرے گا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق بنگلہ دیش اسلام کو بطور سرکاری مذہب ترک کر سکتا ہے۔ یاد رہے کہ 1971 میں اپنے قیام کے وقت بنگلہ دیش کو ایک سیکولر ریاست قرار دیا گیا تھا تاہم 1988 میں ملک میں حسین محمد ارشاد کی فوجی حکومت نے آئین میں آٹھویں ترمیم کے ذریعے اسلام کو سرکاری مذہب قرار دیا تھا۔