پپلاں، ساہیوال/ سرگودھا، سرائے عالمگیر، شورکوٹ میں بارش، ژالہ باری، کاروبار زندگی متاثر
پپلاں/ ساہیوال/ سرگودھا/ سرائے عالمگیر/ شورکوٹ (نامہ نگاران) پپلاں، ساہیوال/ سرگودھا، سرائے عالمگیر، شورکوٹ میں بارش، ژالہ باری، کاروبار زندگی متاثر، نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب پپلاں میں اور گرد و نواح میں بارش وقفہ وقفہ سے جاری رہی، کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوئی، حالیہ بارش سے کاشتکاروں کے چہرے کھل اٹھے۔ ماہرین زراعت کے مطابق یہ بارش گندم، سرسوں، چنا، کماد اور دیگر فصلات کیلئے نہایت مفید ثابت ہو گی۔ بارش سے موسمی وبائی امراض بھی ختم ہو جائیں گے اور آب و ہوا بھی خوشگوار ہو گی۔ ساہیوال اور سرگودھا گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہا نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید بارش اور ژالہ باری کے دوران گزشتہ روز کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونیوالے ماں بیٹا کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔ کئی کچے مکانات کی دیواریں وغیرہ منہدم ہو گئیں‘ کھڑی فصلوں کو بھی نقصان ہوا۔ سرائے عالمگیر میں موسلا دھار بارش سے ہر طرف جل تھل ہو گیا۔ موسم خوشگوار ہو گیا۔کسانوں، کاشتکاروں کا کہنا ہے بارش فصلو ں کے لیے انتہائی مفید ہو گی۔ بارش کے باعث کاروبار زندگی بھی متاثر ہوئے۔ شورکوٹ کینٹ وگردونواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، اکثر علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔