کراچی: فائرنگ اور تشدد کے واقعات، 3 افراد ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت تین افراد ہلاک اور میاں بیوی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ ماری پور کے علاقے میں ہاکس بے روڈ پر غازی گودام کے نزدیک سے ایک شخص کی بوری میں بند نعش ملی جسے تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا پولیس کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً 35سال تھی اور اس کی لاش تین چار دن پرانی تھی۔ ادھر بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹائون میں 23سالہ خاتون کو تشدد کرکے ہلاک کیا گیا جبکہ لیاری کے علاقے بہار کالونی میں الفلاح روڈ سے ایک شخص 60سالہ احمد کی تشدد زدہ لاش ملی اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد کے علاقے کوثرنیازی کالونی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص 40سالہ نعیم اور اس کی بیوی 35سالہ روزی زخمی ہوگئی جبکہ پولیس نے فائرنگ میں ملوث ملزم فیضان کو گرفتار کرلیا۔ مزید برآں گارڈن کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 45سالہ سلیم زخمی ہوگیا۔ دوسری طرف کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے5 ملزموں کو گرفتار جبکہ 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، گزری کے علاقہ پی این ٹی کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ اورنگی ٹائون پاکستان بازار میں کارروائی کے دوران چار ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئی۔